دستور المرکبات
 

مربیٰ
وجہ تسمیہ
مربیٰ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’’پروردہ‘‘ کے ہیں۔ چنانچہ وہ تازہ پھل جو شکر یا شہد کے قوام میں محفوظ کئے جاتے ہیں اور اُن کی تازگی برقرار رکھی جاتی ہے اُنہیں مربیٰ کہا جاتا ہے۔ رُبّ کی طرح اِس ترکیب کے ذریعہ بھی ضرورت کے وقت غیر موسموں مںھ مطلوبہ پھلوں کا استعمال اور اُن کے فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

مربیٰ کی تیاری کے سلسلہ میں ضروری ہدایات
مربیٰ کی تیاری کے لئے پھل خوب صاف پختہ اور بڑے بڑے لئے جائیں۔ البتہ آم کا مربیٰ کچے آموں سے ہی بنایا جاتا ہے، جس پھل کا مربیٰ بنانا ہو اُس کو چھیل کر اور بعض پھلوں کو بغیر چھیلے ہی پانی میں اِس قدر پکائیں کہ وہ گل کر نرم ہو جائیں اور پانی خشک ہو جائے۔ اِس کے بعد قند سفید کے قوام میں اُن پھلوں کو ڈال دیں ، دوسرے تیسرے روز قوام پتلا ہو جاتا ہے ،اِس لئے اِس قوام کو مع مربیٰ کے اِس قدر پکائیں کہ قوام درست ہو جائے۔ اگر چند دِنوں پکانے کی مزید ضرورت ہو تو پھر پکا لیں اور محفوظ کر کے رکھ لیں۔
مربیٰ میں اگر پھلوں کو چھیل کر یا بغیر چھیلے ہوئے بھی بانس کی تلیو ں یا مخصوص انداز کی سوئی کی گچھیوں سے جس میں پانچ چھہ موٹی سوئیاں ہوتی ہیں ، گود لیا جائے اور پھر پکا یا جائے اور اِس کے بعد قوام میں شامل کریں تو اُس سے قوام اندر تک پھیل جاتا ہے اور اچھی طرح جذب ہو جاتا ہے جس سے پھلوں کی بدمزگی مزید کم ہو جاتی ہے۔

مربیٰ آملہ

افعال و خواص اور محل استعمال
مقوی دماغ ،مقوی معدہ و جگر ، نافع دورانِ سر، حابس اسہال۔

جزءِ خاص
آملہ

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
آملہ تازہ کو پانی میں اِس قدر جوش دیں کہ نرم ہو جائے۔ پانی خشک ہونے پر قند سفید کا قوام بنا کر آملہ کو قوام میں شامل کریں۔ دوسرے روز قوام کو مع آملہ خوب پکائیں۔ قوام درست ہونے پر محفوظ رکھیں۔ اگر قوام پتلا رہے تو تیسرے روز پھر پکا کر قوام کودرست کر لیں۔

مقدار خوراک
ایک عدد آملہ پانی سے دھو کر کھائیں۔

مربیٰ انناس
افعال و خواص اور محل استعمال
حرارت قلب اور خفقان کو دور کرتا ہے۔ مقوی قلب ہے۔

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
انناس کے چھلکے صاف کر کے قاش کی شکل میں تراشیں اور پانی میں جوش دیں۔ جب انناس نرم ہو جائے اور پانی خشک ہو جائے تو قند سفید کا قوام تیار کر کے انناس کی قاشیں ڈالیں۔ اگر قوام رقیق رہے تو مربیٰ آملہ کی طرح قوام کودرست کر لیں۔

مقدار خوراک
۱۰ تا ۲۰ گرام۔

مربیٰ بہی
افعال و خواص اور محل استعمال
مقوی قلب و دماغ و معدہ ہے۔ خفقان اور تبخیر کو فائدہ دیتا ہے۔

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
بہی چھلکوں سے صاف کر کے پانی میں جوش دے کر نرم کر لیں۔ پانی خشک ہونے پر قند سفید کا قوام تیار کر کے بہی قوام میں ڈالیں اور دوسرے روز قوام کو بہی کے ساتھ خوب پکائیں۔ قوام درست ہونے پر محفوظ رکھیں۔ اگر قوام رقیق رہے تو تیسرے روز پھر درست کر لیں۔

مقدار خوراک
۲۵ گرام۔

مر بیٰ بیلگری
افعال و خواص اور محل استعمال:زحیر اور اسہال کے لئے مخصوص ہے۔

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
بیل پختہ کے چھلکے صاف کر کے قاش کی شکل میں تراشیں اور بیجوں کو دور کر لیں۔ پھر قند سفید کا قوام بنا کربیل گری کی قاشوں کو ڈالیں اور قوام تیار ہونے پر محفوظ کر لیں۔

مقدار خوراک
۲۵ گرام۔