دستور المرکبات
 

عرق کاسنی

وجہ تسمیہ
کاسنی کی شمولیت کی وجہ سے یہ نام دیا گیا۔

افعال و خواص مع محل استعمالات
نافع صداع حار، نافع ورمِ جگر، مسکن عطش، دافع حِدّتِ صفراء و جوش خون۔

جزءِ خاص
تخم کاسنی۔

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
تخم کاسنی ۲۵۰ گرام ۴ لیٹرپانی میں ۲۴ گھنٹے تک بھگوئیں ، پھر ۲ لیٹر عرق کشید کریں اور استعمال میں لائیں۔

مقدار خوراک
۱۲۵ ملی لیٹر۔

عرقِ گاؤ زباں
وجہ تسمیہ
گاؤ زباں کی شمولیت کی وجہ سے یہ نام رکھا گیا۔

افعال و خواص مع محل استعمالات
مقوی قلب و جگر و دماغ، نافع خفقان و وحشتِ قلب، نافع امراض سوداویہ۔

جزءِ خاص
برگِ گاؤ زباں

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
برگِ گاؤ زباں ۲۵۰ گرام، ۵ لیٹر پانی میں ۲۴ گھنٹے تک بھگوئیں اور ۲ لیٹر عرق کشید کریں۔

مقدار خوراک
۱۲۵ ملی لیٹر۔

عرقِ گذر (گاجر)
وجہ تسمیہ
گاجر (گذر) کی شمولیت کی وجہ سے اِس کا یہ نام رکھا گیا ہے۔

افعال و خواص مع محل استعمالات
مفرح و مقوی قلب و دماغ، دافع ضعف عام مقوّی قویٰ۔

جزءِ خاص
گذر(گاجر)

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
گاجر صاف کی ہوئی (چھلکا اور کیل علاحدہ کیا ہوا) ایک کلو ، برگ گاؤ زباں ۲۰ گرام، گل گاؤ زباں ، ۱۵ گرام، صندل سفید ۲۰ گرام، بہمن سفید، تودری سُرخ ۱۲۔۱۲گرام دواؤں کو چھہ لیٹر پانی میں ۲۴ گھنٹے تک بھگوئیں اور تین لیٹر عرق کشید کریں۔

مقدار خوراک
۱۲۵ می لیٹر۔

عرقِ ماء اللَّحم
وجہ تسمیہ
چونکہ آبِ گوشت سے یہ عرق تیار کیا جاتا ہے اِس لئے اِس کا نام’’ عرقِ ماء اللَّحم‘‘ رکھا گیا۔

جزءِ خاص
گوشت حلوان (بکری کا شیر خوار بچہ)۔

افعال و خواص مع محل استعمالات
مقوی اعضائے رئیسہ، مقوی باہ،نافع ضعف عام، محرک قویٰ بدن

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
کشنیز خشک، دانہ اِلائچی خرد، زیرہ سفید، صندل سفید،ساذج ہندی، ہر ایک ۲۰۔۲۰ گرام نیم کوب کر کے بریاں کر لیں ،پھر گوشت حلوان ۲ کلو کو پانچ لیٹر پانی کے ہمراہ دیگ مںح ڈال کر جوش دیں۔ جب گوشت سفید ہو جائے تو دیگ کو آگ سے اُتار لیں۔ اِس کے بعد گاؤ زباں ، گل سُرخ، دانۂ اِلائچی خرد، سعد کوفی، بسفائج ، فستقی جائفل، جاوِتری، عودِ غرقی، اُشنہ، بیخ سوسن ہر ایک ۲۰ گرام درونج عقربی ، دار چینی ، شقاقل مصری، بہمن سُرخ، بہمن سفید، تودری زرد و تودری سُرخ ہر ایک ۳۰۔۳۰ گرام، ثعلب مصری ۶۰ گرام کا اِضافہ کر کے دیگ میں شامل کر دیں اور زعفران ۱۰ گرام اور اُشنہ کو مَلمَل کی پوٹلی میں باندھیں اورعرق کشید کرتے وقت نیچہ میں باندھ دیں۔

مقدار خوراک
۳۰ تا ۶۰ ملی لیٹریا حسبِ ضرورت۔