دستور المرکبات
 

شربتِ گڑھل
افعال و خواص اور محل استعمال
تفریح و تقویتِ قلب کے لئے مفید ہے۔ دافع خفقان ہے۔ ضعفِ قلب میں مفید ہے حرارت کو تسکین دیتا ہے۔

جزءِ خاص
گلِ گڑھل

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
گل گڑھل سو عدد سبز پتیوں کو دور کر کے چینی کے برتن میں رکھیں اور اُس میں آبِ لیموں کاغذی ۲۵۰ ملی لیٹر ڈالیں۔ ۲۴ گھنٹہ بعد ایک کلو نبات سفیدبارِش کے پانی دو۲ لیٹر میں حل کر کے اُسی برتن میں ملائیں۔ پھر چند روز بعد چھان کر قوام تیار کریں اور استعمال میں لائیں۔

مقدار خوراک
۲۵ ملی لیٹر۔

شربت مصفی خون
وجہ تیہ
اپنے فعل خاص ’’تصفیہ خون‘‘ سے موسوم ہے۔

افعال و خواص اور محل استعمال
فساد دم ، خارِش، قروح و بثور(پھوڑے، پھنسی) میں مفید ہے۔ سوداوی مادہ کا اخراج اور تنقیہ کرتا ہے۔

جزءِ خاص
چوب چینی

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
چوب چینی، برگ شیشم ہر ایک ۳۰ گرام عنّاب پوست ہلیلہ کابلی ہر ایک ۵۰ گرام برگِ سناء مکی ۳۰ گرام رات کو گرم پانی میں بھگو کر صبح جوش دیں اور مل چھان کر ترنجبین، شیرخشت، شہد خالص ہر ایک ۴۰۰ گرام شامل کر کے قوام بنائیں۔

مقدار خوراک
۵۰ ملی لیٹر

شربت نیلو فر
افعال و خواص اور محل استعمال
صفرا کی حدّت کو ختم کرتا ہے۔ پیاس کو تسکین دیتا ہے۔مفرّح و مقوِّی قلب ہے۔

جزءِ خاص
گلِ نیلوفر

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
گل نیلو فر ۱۰۰ گرام رات کو پانی میں بھگو کر صبح کو جوش دیں اور مل چھان کر قند سفید ایک کلو کا قوام بنائیں اور شربت تیار کریں۔

مقدار خوراک
۲۵ ملی لیٹر

شربت وَرد
افعال و خواص اور محل استعمال
ملیّن شکم ہے۔ ضعف معدہ اور سوزِشِ معدہ میں مفید ہے۔ گردہ و مثانہ کو قوت دیتا ہے۔ فساد خون، حمیات مرکَّبہ و غیر مرکَّبہ اور امراض جگر و طحال میں نافع ہے۔

جزءِ خاص
گلِ سُرخ۔

دیگر اجزاء مع طریقۂ تیاری
گُلِ سُرخ ایک کلو ، تازہ پانی پانچ لیٹر میں جوش دیں ، جب ایک لیٹر پانی باقی رہ جائے تو چھان کر قند سفید ۳ کلو کا قوام بنائیں اور مذکورہ امراض و احوال میں استعمال کرائیں۔

شربتِ وَرد مکرَّر
شربتِ وَرد کو عام طور پر مکرَّر استعمال کیا جاتا ہے۔ اِس کی ترکیب تیاری یہ ہے کہ ایک کلو گُلِ سُرخ کو پانچ لیٹر پانی میں جوش دیں۔ بچے ہوئے ایک لیٹر پانی مںج پھر مزید ایک کلو کُلِ سُرخ کو شامل کر کے دوبارہ جوش دیں۔ جب تہائی پانی باقی رہ جائے تو اُسے چھان کر قند سفید ۲ کلو کا قوام تیار کریں اور شربت بنائیں۔ یہی شربتِ وَرد مکرَّر کہلاتا ہے۔

مقدار خوراک
۲۵ تا ۵۰ ملی لیٹر۔